کویت میں نیا سخت ٹریفک قانون نافذ

غیرملکی ایک گاڑی تک محدود، ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل بھیجا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 اپریل 2025 13:08

کویت میں نیا سخت ٹریفک قانون نافذ
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل 2025ء ) خلیجی ملک کویت میں ایک نیا ٹریفک قانون نافذ کردیا گیا جس میں ملک میں سڑک حادثات کو کم کرنے کے لیے سخت سزائیں متعارف کرائی گئی ہیں گلف نیوز کے مطابق نیا قانون 1976 کے قانون کی جگہ لے کر ٹریفک پولیس کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ سنگین جرائم میں مجرموں کو گرفتار کرے اور جرمانے میں اضافہ کرے، ٹریفک پولیس کو مخصوص کیسوں میں مجرموں کو گرفتار کرنے کا پابند بنایا جائے گا بشمول شراب پی کر یا نشے کے زیر اثر گاڑی چلانا کیوں کہ یہ حادثے کا سبب بنتا ہے جس کے نتیجے میں لوگ زخمی ہوتے ہیں اور کئی افراد کی موت بھی ہوتی ہے، پرمٹ کے بغیر کار ریس میں شمولیت اور کسی حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کرنا یا روکنے کے پولیس آرڈر کا جواب دینے میں ناکامی کی صورت میں سخت سزائیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر 75 کویتی دینار جرمانہ، 3 ماہ تک قید اور 150 سے 300 کویتی دینار تک کا اضافی جرمانہ ہوگا، معذور افراد کے لیے مختص جگہوں پر پارکنگ کرنے پر 150 کویتی دینار جرمانہ جرمانہ، 3 سال تک کی قید اور 600 سے 1,000 کویتی دینار تک اضافی جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، درست لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنا یا معطل یا غلط لائسنس استعمال کرنے پر 75 کویتی دینار کا جرمانہ، 3 ماہ تک قید اور 150 سے 300 کویتی دینار تک کا جرمانہ ہوگا۔

معلوم ہوا ہے کہ دیگر معاملات میں رفتار کی حد 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہونے، غیر نامزد جگہوں پر چھوٹی گاڑی چلانا، سرخ سگنل کو کراس کرنا، گاڑی کا استعمال اس کے مخصوص مقصد کے علاوہ کسی اور مقصد کے لیے یا بغیر اجازت کے مسافروں کو لے جانے کے لیے، لاپرواہی سے یا لائسنس کے بغیر یا منسوخ یا معطل شدہ لائسنس کے ساتھ گاڑی چلانا اور کویتی لائسنس پلیٹوں کے بغیر گاڑی چلانے پر بھی جرمانے ہوں گے۔

کویتی حکام نے کہا ہے کہ نئے قانون کے تحت تارکین وطن کو صرف ایک کار رکھنے کی اجازت ہوگی جس کے تحت غیر ملکی ڈرائیورز کو ٹریفک کی سنگین خلاف ورزیوں کو دہرانے پر ملک بدری کا سامنا کرنا پڑے گا، نیا قانون اس دوران متبادل سزاؤں کو شامل کرتا ہے جن میں کمیونٹی سروس شامل ہے جیسا بھی جج مناسب سمجھے، اضافی جرمانہ خلاف ورزی کرنے والے کے پیشے کے مطابق جاری کیا جائے گا، کمیونٹی سروس میں کام ایک سال تک، دن میں آٹھ گھنٹے اور بغیر تنخواہ کے ہو سکتا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ متبادل سزاؤں کی فہرست میں مجرم کو اس کے اپنے خرچ پر عوامی املاک کو اس کی سنگین خلاف ورزی کی وجہ سے ہونے والے نقصان کی مرمت کرنے کا پابند بنانا شامل ہے، جج ایک سے زیادہ سروس کی سزاؤں کو اکٹھا کر سکتا ہے جو حکم جاری کرنے پر مؤثر ہوگا، ٹریفک اور قانونی ترامیم کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لیے کویتی حکام نے کئی زبانوں میں ایک مہم شروع کی ہے جن میں انگریزی، فارسی، ہندی، بنگالی، اردو اور فلپائنی شامل ہیں۔