سونے کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ، نرخ نئی بلندیوں پر پہنچ گئے

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 59ڈالر کے اضافے سے 3ہزار 454 ڈالر کی نئی بلند سطح پر آگئی

منگل 22 اپریل 2025 18:10

سونے کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ، نرخ نئی بلندیوں پر پہنچ گئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس کے نرخ نئی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق امریکا کی تجارتی جنگ اور دنیا بھر کے سینٹرل بینکس کا اپنے زخائر بڑھانے کی غرض سے گولڈ کی وسیع پیمانے خریداری نے عالمی اور پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت کو تاریخ کی نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی سینٹرل بینک کی جانب سے سود کی شرح میں کمی نہ کرنے کے اعلان سے عالمی سطح پر مہنگائی کساد بازاری بڑھنے کے خدشات نے دنیا بھر میں غیر یقینی فضا پیدا کردی ہے۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 59ڈالر کے اضافے سے 3ہزار 454 ڈالر کی نئی بلند سطح پر آگئی۔عالمی مارکیٹ میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کو 24قیراط کا حامل فی تولہ سونے کی قیمت بھی 5ہزار 900روپے کے اضافے سے 3لاکھ 63ہزار 700روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی۔اس کے علاوہ فی دس گرام سونے کی قیمت 5ہزار 59روپے بڑھ کر 3لاکھ 11روپے 814روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی۔