ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چمن کا مختلف علاقوں کا دورہ ،انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ

منگل 22 اپریل 2025 18:49

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) چمن میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز اے ڈی سی چمن فدا بلوچ اور اے سی چمن امتیاز علی بلوچ نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاکر انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی اور سیکورٹی کا جائزہ لیا ،اس موقع پر اے ڈی سی چمن اور اے سی چمن نے شہر کے مختلف علاقوں میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں ،انہوں نے انسداد پولیو ٹیموں کے افسران اورا ہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں موجود پانچ سال تک کی بچوں کو ہر حال میں پولیو سے بچائوکے قطرے پلائے جائیں ،انہوں نے کہا کہ اس حوالے سےانسداد پولیو ٹیموں کی طرف سے کسی بھی قسم کی غفلت لاپرواہی اور سستی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ ٹیمیں بھی انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھیں گی ، انہوں نے انسداد پولیو ٹیموں کی سیکورٹی پر مامور آفیسرز و اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو ورکرز اور آفیسرزکے ساتھ آخر وقت تک موجود رہیں اور انسداد پولیو اہلکاروں کو اکیلا نہ چھوڑا جائے،اس دوران انہوں نے بچوں کے والدین اور سرپرستوں کو پولیو کی افادیت اور اہمیت سمجھاتے ہوئے کہا کہ اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچائوکے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ہمارے مستقبل کے معمارعمر بھر کی معذوری سے بچ جائیں۔

متعلقہ عنوان :