قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ سکالرشپ کے تحت 25 طلبہ میں اسکالرشپس تقسیم کر دیں

منگل 22 اپریل 2025 22:44

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ سکالر شپ کے تحت 25 طلبہ میں اسکالرشپس تقسیم کردیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق چیک تقسیم کرنے کی تقریب مین کیمپس گلگت میں منعقد ہوئی۔ یہ اسکالرشپس میڈیکل لیب ٹیکنالوجی (MLT)، آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور ٹورزم کے شعبوں میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے مختص کی گئیں۔

اسکالرشپس جامعہ کے تین کیمپسز جن میں مین کیمپس گلگت، ہنزہ کیمپس اور دیامر کیمپس کے طلبہ میں تقسیم کی گئیں جس کے تحت ہنزہ کیمپس کے 10 طلبہ، دیامر کیمپس کے 5 طلبہ اور مین کیمپس کے 10 طلبہ کو یہ اسکالرشپس دی گئیں۔ ان اسکالرشپس کا مقصد متنوع پس منظر کے ہونہار طلبہ کی مالی مدد کرنا اور انہیں گلگت بلتستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر عبدالرزاق، ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانشل ایڈ آف شاہد احمد شگری سمیت سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈ اکٹر عبدالرزاق نے PEEF کے تعاون کی تعریف کی اور قابل رسائی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ اسکالرشپس صرف مالی امداد نہیں ہیں بلکہ یہ ہمارے طلبہ کے مستقبل اور قوم کی ترقی میں سرمایہ کاری ہیں۔

طلبہ نے اس موقع پر شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ یہ اسکالرشپس ان کے مالی بوجھ کو کم کرنے اور انہیں تعلیم پر توجہ دینے کی سہولت فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ اس سے قبل ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانشل ایڈ آف شاہد احمد شگری نے سکالرشپ کے دینے کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ طلبہ سکالرشپ کو تعلیمی بہتری کے لیے استعمال میں لائیں تاکہ سکالرشپ دینے کا مقصد پورا ہوسکے۔