کمپیٹیشن کمیشن جنید جمشید اور یو اینڈ آئی گارمنٹس کے انضمام کی منظوری دے دی

منگل 22 اپریل 2025 23:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2025ء) کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان(سی سی پی) نے جنید جمشید (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے میسرز یو اینڈ آئی گارمنٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں انضمام کی منظوری دے دی ہے۔ کمپٹیشن کمیشن کو انضمام کی درخواست مشترکہ طور پر یو اینڈ آئی اور جے جے پی ایل کی جانب سے جمع کروائی گئی تھی۔دونوں کمپنیوں کے مابین معاہدے کے مطابق میسرز جے جے پی ایل کا مکمل کاروبار شیئر سویپ کے معاہدے کے تحت میسرز یو اینڈ آئی میں ضم کر لیا جائے گا۔

اس ٹرانزیکشن کی تکمیل کے بعد، جے جے پی ایل ایک علیحدہ قانونی حیثیت کے طور پر وجود نہیں رکھے گی اور اس کی تمام کاروباری سرگرمیاں، اثاثے اور واجبات مکمل طور پر یو اینڈ آئی میں ضم ہو جائیں گے۔کمیشن نے انضمام کی درخواست پر مسابقتی تجزیہ کرتے ہوئے قرار دیا کہ شعبے کی متعلقہ مارکیٹس، جن میں تیار شدہ ملبوسات، جوتے، لوازمات، خوشبوئیں، اور کاسمیٹکس شامل ہیں، اس ٹرانزیکشن سے یو اینڈ آئی کو کسی قسم کی غالب پوزیشن حاصل نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

سی سی پی نے مشاہدہ کیا کہ یہ لین دین بنیادی طور پر ایک گروپ کے اندر انضمام ہے کیونکہ یو اینڈ آئی پہلے ہی جے جے پی ایل میں 25 فیصد حصہ رکھتی ہے۔ کمیشن نے قرار دیا کہ مارکیٹ میں کم داخلی رکاوٹیں اور متعدد موجودہ حریفوں کے باعث یہ انضمام مارکیٹ میں مقابلہ کو متاثر نہیں کرے گا۔ کمیشن نے اس انضمام کی منظوری سیکشن 31(d)(i) کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت دے دی ہے۔