خضدار کے علاقے باغبانہ میں چھ ماہ سے بجلی کی بندش، زمیندار اور عوام شدید مشکلات کا شکار

منگل 22 اپریل 2025 20:30

)کوئٹہ (آن لائن) خضدار کے نواحی علاقے باغبانہ میں گزشتہ چھ ماہ سے بجلی کی مکمل بندش نے مقامی زمینداروں اور دیہی آبادی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ واپڈا کی جانب سے زرعی ٹیوب ویلز کی بجلی منقطع کرنے کے فیصلے کے باعث نہ صرف زراعت متاثر ہو رہی ہے بلکہ پینے کے پانی کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے۔مقامی زمینداروں کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں لوگ زرعی ٹیوب ویلز کے ذریعے نہ صرف فصلوں کی آبیاری کرتے ہیں بلکہ پینے کے لیے بھی یہی واحد ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

بجلی کی بندش سے فصلیں تباہ ہو رہی ہیں اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے الزام عائد کیا ہے کہ واپڈا حکام بااثر افراد کے علاقوں میں بغیر بل کے بھی بجلی فراہم کرتے ہیں جبکہ دیہی اور غریب علاقوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ سولر پینلز کی اسکیم میں بھی صرف من پسند افراد کو شامل کیا گیا اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے ذریعے خطیر رقم ہڑپ کی گئی۔مقامی افراد نے حکومتِ بلوچستان اور واپڈا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بجلی کی فراہمی بحال کی جائے تاکہ زراعت اور عوامی زندگی کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔