بیوٹمز میں بین الجامعاتی آرٹ نمائش کاانعقاد ،حفاظتی ٹیکہ جات کے موضوع پر نوجوان فنکاروں کا منفرد اظہار

منگل 22 اپریل 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ،انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز(بیوٹمز ) میں بین الجامعاتی آرٹ نمائش کاانعقاد کیاگیا جس کاافتتاح اسپیشل سیکرٹری صحت شہیک بلوچ نے کیا ۔ان کے ہمراہ وائس چانسلر بیوٹمز یونیورسٹی ڈاکٹر خالد حفیظ ،صوبائی کوارڈینیٹر توسیع پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات ڈاکٹر کمالان گچکی ،ڈپٹی کوآرڈینیٹر ڈاکٹرظفر اقبال خوستی ،رجسٹرار بیوٹمز یونیورسٹی حسن اچکزئی ،ڈاکٹر جواد احمد،رحمت اللہ کاکڑ ،ضیاء الرحمن ودیگر بھی موجود تھے ۔

شہیک بلوچ نے کہاکہ فن کے ذریعے صحت جیسے سنجیدہ موضوعات پر شعور وآگاہی ایک قابل تحسین قدم ہے ایسے پروگرامز نوجوانوں کی مثبت شمولیت کا بہترین ذریعہ ہے ،آرٹ نمائش کا موضوع حفاظتی ٹیکہ جات تھااس نمائش کا مقصد نوجوانوں کے فن پاروں کے ذریعے معاشرے میں حفاظتی ٹیکہ جات سے متعلق آگاہی کوفروغ دیناتھا۔

(جاری ہے)

یہ نمائش عالمی امیونائزیشن ہفتہ 2025کی مناسبت سے منعقد کی گئی ۔

تاکہ عوام میں حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت کواجاگر کیاجاسکے اور صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے اجتماعی کردار کو فروغ دیاجاسکے،نمائش میں بیوٹمز یونیورسٹی، سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی، جامعہ بلوچستان کے طلباء وطالبات کے تیارہ کردہ 55فن پارے نمائش کیلئے پیش کئے گئے ان فن پاروں میں نوجوان فنکاروں نے صحت ،بیماریوں سے بچائو، حفاظتی ٹیکہ جات کی افادیت کو تخلیقی انداز میں پیش کیاگیا جو دیکھنے والوں کو نہ صرف متاثر کرتاہے بلکہ سوچنے پر بھی مجبور کرتاہے ،نمائش میں معروف آرٹ نقاد فاضل موسوی نے بطور جج شرکت کی۔

انہوں نے طلباء کے فن پاروں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ان نوجوانوں نے حفاظتی ٹیکہ جات جیسے اہم موضوع کو فنکارانہ انداز میں بیان کرکے ایک نئی جہت دی ہے ،طلباء اپنے فن پاروں کی تفصیلات مہمانوں کے ساتھ شیئر کیں اور بتایاکہ کس طرح انہوں نے اپنے فن کے ذریعے حفاظتی ٹیکہ جات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی ۔