بیکن ہاؤس سکول سسٹم، پرائمری و گرلز کیمپس راولپنڈی کے طلبا و طالبات کا پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ

منگل 22 اپریل 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) بیکن ہاؤس سکول سسٹم، پرائمری و گرلز کیمپس راولپنڈی کے 81 رکنی وفد جس میں طلبا و طالبات کے ساتھ فیکلٹی ممبران بھی شامل تھے نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سینیٹ کے اعلیٰ حکام نے وفد کو خوش آمدید کہا اور انہیں سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا جہاں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ اور سینیٹ کے کردار پر مبنی ایک معلوماتی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفد کو سینیٹ ہال کا دورہِ کرایا گیا جہاں انہیں سینیٹ کی کارروائی، قانون سازی کے عمل اور ایوان بالا کے طریقہ کار پر جامع بریفنگ دی گئی۔ وفد نے سینیٹ کی کارکردگی، پارلیمانی روایات اور جمہوری عمل کے بارے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔یہ دورہ طلبا و طالبات کے لئے نہ صرف ایک تعلیمی تجربہ ثابت ہوا بلکہ انہیں جمہوری اداروں کے کام کرنے کے طریقہ کار کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا بھی موقع ملا۔ وفد نے سینیٹ حکام کا شکریہ ادا کیا اور اس دورے کو ایک یادگار اور دلچسپ قرار دیا۔