پنجاب حکومت کا مزدور دوست اقدام، محکمہ لیبر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن کچہری کا انعقاد

منگل 22 اپریل 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) پنجاب حکومت کا مزدور دوست اقدام، محکمہ لیبر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اپنے فیس بک لائیو سیشن میں مزدوروں کی شکایات سنیں۔ اس موقع پر سیکرٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی، ڈی جی لیبر کلثوم حی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

مزدوروں نے لیبر ویلفیئر، ورکرز ویلفیئر فنڈز اور پنجاب سوشل سکیورٹی سے متعلقہ شکایات درج کروائیں جن پر صوبائی وزیر نے فوری حل طلب شکایات پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو شکایات کے فوری حل کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اب شکایات فائلوں میں بند نہیں ہوں گی بلکہ ہر جائز شکایت کا ازالہ کیا جائے گا اور اس کی رپورٹ بھی لی جائے گی۔

(جاری ہے)

فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ جب مزدور خوشحال ہو گا تو پنجاب ترقی کرے گا، یہی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے۔ ان کی ہدایت پر یہ آن لائن کچہری منعقد کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کا مزدور اب اکیلا نہیں، حکومت اس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مزدور ہماری ریاست کا اہم ستون ہے اور حکومت پنجاب اسی ویژن کے تحت پالیسیاں بنا رہی ہے جو صرف کاغذی نہیں بلکہ عملی اور زمینی حقائق پر مبنی ہیں۔ آن لائن کچہری مزدوروں کی مشکلات کے ازالے کے لیے نیا پلیٹ فارم ہے اور میرے دفتر کے دروازے ہمہ وقت مزدور بہن بھائیوں کے لیے کھلے ہیں۔ صوبائی وزیر نے دو ہفتے بعد دوبارہ آن لائن کچہری کے انعقاد کا اعلان بھی کیا۔