ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں پلئینگ اکیڈمیز قائم کی جائیں گی،علی ترین

منگل 22 اپریل 2025 23:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) ملتان سلطانز کے اونر علی ترین نے کہا ہے کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں پلئینگ اکیڈمیز قائم کی جائیں گی، شہر اولیاء کو متان سلطانز کا مستقل مرکز بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل10 کے لاہور قلندرز اور ملتان سلطان کے مابین کھیلے گئے میچ کے دوران میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

علی ترین نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کرکٹ کا نیا دور شروع ہوگا،شہر اولیاء کو ملتان سلطانز کا مستقل مرکز بنانے کا اعلان کرتے ہوئے علی ترین نے کہا کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں پلئینگ اکیڈمیز قائم کی جائیں گی تاکہ خطے میں کرکٹ کا فروغ ممکن ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملتان سلطان اپنے گھر پہنچ چکی ہے،اب فتوحات کا سلسلہ شروع ہوگا،ہوم گراؤنڈ پر واپسی پوری ٹیم کے لیے راحت کا باعث بنے گی،ملتان سلطان فینز فکر مند نہ ہوں، ہم ہوم گراؤنڈ سے فتح کے ٹریک پر آئیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں علی ترین نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے تاحال کوئی نوٹس نہیں ملا اور وہ پی سی بی سے بہتر تعلقات اور مسائل کے حل کے خواہاں ہیں۔انہوں نے خسارے کے باوجود ٹیم کو لیکر چلنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کو ہماری مشکلات کو سمجھنا چاہیے۔ملتان سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن (سجام) کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے علی ترین نے کہا کہ وہ سجام کے ساتھ ورکنگ ریلیشن قائم کرنا چاہتے ہیں۔آخر میں علی ترین نے جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے نئے پراجیکٹس شروع کرنے کے عظم کا اظہار کیا،جس سے خطے میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھیں گے اور کرکٹ کو ایک نئی زندگی ملے گی۔