غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والا غذائی بحران قابل مذمت ہے ، اقوام متحدہ

بدھ 23 اپریل 2025 12:35

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین (انروا) نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والا غذائی بحران قابل مذمت ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق یہ بات انروا کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہی۔انہوں نے کہاکہ غزہ نا امیدی کا مرکز بن چکا ، یہاں پر غذائی قلت اسرائیل کی پیدا کردہ ہے۔

(جاری ہے)

تباہ کن جنگ اور اسرائیلی محاصرے کے 18 ماہ بعد( 2 مارچ سے امدادی سامان کی غزہ تک رسائی روک دی گئی ہی)اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ تقریبا 24 لاکھ آبادی پر مشتمل غزہ کو ایک تباہ کن انسانی بحران کا سامنا ہے ،یہاں کے عوام کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔انہوں نے اس بات کی بھی نشان دہی کی کہ زخمیوں، مریضوں اور بزرگوں کو طبی سہولیات و علاج سے محروم رکھا جا رہا ہے۔انہو ں نے انسانی امداد کو بطور سودے بازی اور جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنیکی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انسانی بنیاد پر امداد فوری بحال ، قیدیوں کو رہا اور جنگ بندی کا دوبارہ اعلان کیا جائے۔