بھارت :وقف ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج پرمسلمانوں کے خلاف مقدمات درج

بدھ 23 اپریل 2025 15:46

لکھنو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)بھارت میںبی جے پی کے زیر اقتدار ریاست اترپردیش میں نئے وقف ترمیمی قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرنے پر پولیس نے 50سے زائد مسلمانوں کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اتر پردیش کی پولیس نے متعددمظاہرین کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔18اپریل کو نماز جمعہ کے بعد باغپت کے سنگھوالی اہیر پولیس کے دائرہ اختیار میں آنے والے گائوں بلاس پور کے مسلمانوں کا ایک گروپ وقف قانون کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے مسجد کے باہر جمع ہوا۔

انہوں نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ اس قانون کی منسوخی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگارہے تھے۔ احتجاجی مظاہرے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی جس کے بعد پولیس نے 50سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کیے، جن میں 21نامزد اور 35نامعلوم افراد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کارروائی اس طرح کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔5اپریل کومظفر نگر میں پولیس نے سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کرنے والے 24افراد کو نوٹس جاری کیے تاکہ اس معاملے پر خاموش رہنے کے لیے مسلم کمیونٹی پر دبائو بڑھایا جائے۔پولیس نے مظفر نگر، لکھنو اور سیتا پور اوردیگر اضلاع میں سینکڑوں دیگر لوگوں کو بھی نوٹس جاری کیے ہیں جن میں 1لاکھ روپے سے لے کر 10 لاکھ روپے تک کے بانڈز طلب کیے گئے ہیں۔