چوہدری محمد سعید کا اپنی رہائش گاہ پر اوورسیز کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ

اوورسیز پاکستانی و کشمیری حقیقی معنوں میں ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،چوہدری محمد سعید

بدھ 23 اپریل 2025 16:17

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)سابق وزیر سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر،نائب صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر چوہدری محمد سعید نے گذشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر اوورسیز کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا۔جس میں چیئرمین پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر برطانیہ چوہدری جہانگیر حسین، ممبران مرکزی مجلس عاملہ چوہدری وحید الرحمن، ملک عابد حسین آف امریکہ، عرفان الحسن چوہدری آف امریکہ،چوہدری نعیم اختر آف فرانس، وائس چئیرمین یوسی جاتلاں چوہدری زوہیب حبیب سمیت دیگر نے شرکت کی۔

چوہدری محمد سعید نے مہمانان کی پرتکلف کھانوں سے تواضع کی اس موقع سیاسی صورتحال سمیت مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین پر گفتگو ہوئی۔اس موقع پر اوورسیز سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سعید نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وکشمیری ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ اور مسائل کا حل قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہی.حالیہ مہینوں میں ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں وکشمیریوں کو پاکستان کے مستقبل پر بھروسہ ہے حکومت پاکستان کو اوورسیز پاکستانیوں وکشمیریوں کی مالی معاونت کو سراہتے ہوئے ان کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی و کشمیری حقیقی معنوں میں ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، اوورسیز کنونشن کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں وکشمیریوں کے مسائل کو جاننا اور اس کا حل نکالنا ہے۔اوورسیز پاکستانی و کشمیری ملک کے اصل سفیر ہیں ان کی بھجوائی جانے والی ترسیلات زر کا معیشت میں اہم کردار ہے، زیادہ ترسیلات زربھیجنے والے پاکستانیوں اور کشمیریوں کو اعزازات سے نوازہ جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ بھیجنے والے پاکستانیوں وکشمیریوں کو وی آئی پی پروٹوکول ملنا چاہیے جن کی بدولت نہ صرف پاکستان کی معیشت مضبوط ہوئی بلکہ پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی معاشی استحکام میں انتہائی اہم کردار ہے، خاص طور پر ترسیلات زر کے ذریعے وہ پاکستان کی معیشت کے استحکام میں مسلسل کردار ادا کر رہے ہیں۔صرف اوورسیز پاکستانی وکشمیری ہی پاکستان کو امداد اور قرضوں کے چنگل سے نکال سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کا اعتماد بحال کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے ہم سب کو مل کر اس ملک کی بنیاد ہو مزید مضبوط کرنا ہو گا تاکہ پوری دنیا پاکستان کی مثالیں دے۔