کمشنرسرگودھا کی زیرِصدارت پرائس کنٹرول،انسدادِ تجاوزات آپریشن اورزیادہ گندم اُگاؤانعامی سکیم بارے جائزہ اجلاس

بدھ 23 اپریل 2025 17:57

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سرگودھا ، خوشاب، میانوالی اور ضلع بھکر کے ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس منعقد ہوا ، جس میں پرائس کنٹرول، انسداد تجاوزات آپریشن اور زیادہ گندم اگاؤانعامی سکیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع میں ایجنڈا آٹیمز پر پیش رفت اور مستقبل کے اقدامات کا احاطہ کیا گیا۔

کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو رمضان المبارک کی طرح فعال کردار جاری رکھنے اور ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا از سر جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر خاص نظر رکھی جائے۔ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو پرائس مجسٹریٹ کی کارکردگی کا جائزہ لے کر رپورٹ ان کے دفتر بھجوانے کی بھی ہدایت کی ۔

اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز نے جاری انسداد تجاوزات آپریشن کی تفصیلات اور مستقبل کی منصوبہ بندی بارے آگاہ کیا جبکہ ڈائریکٹر زراعت محمد شاہد نے زیادہ گندم اگاؤ انعامی مقابلے بارے بریفیگ دی۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) ، ڈائریکٹرزراعت سرگودھا ڈویژن محمد شاہد، خوراک اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :