عامرعبدالغفار لون کی مقبوضہ کشمیر میں نہتے سیاحوں پر حالیہ حملے کی مذمت

بدھ 23 اپریل 2025 19:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے سیاحوں پر ہونے والے حالیہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں منگل کے روز مسلح افراد کے حملے میں چھبیس سیاح جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور متعدد زخمی ہوگئے۔

انھوں نے اپنے ایک بیان میں اس واقعے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سویلینز، بالخصوص نہتے سیاحوں پر حملہ انسانی و اخلاقی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔انھوں نے مزید کہا کہ تشدد، قتل و غارت اور سویلینز کو نشانہ بنانا کسی بھی مہذب معاشرے میں قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

ہم اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کی غیرجانبدارانہ اور بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کی جائیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری اس واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور بھارت کو اس طرح کی سازشوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔انھوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقے ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق اور پرامن طریقے سے ممکن ہے اور عالمی برادری اس مسئلے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔