چیئرمین سینیٹ کی کوئٹہ مستونگ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت

پولیو کے خلاف قومی مہم میں شریک سیکیورٹی اہلکار ہماری قوم کے اصل ہیرو ہیں،یوسف رضا گیلانی

بدھ 23 اپریل 2025 20:17

چیئرمین سینیٹ کی کوئٹہ مستونگ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کوئٹہ مستونگ میں پولیو مہم ٹیم کی سیکیورٹی پر تعینات لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

(جاری ہے)

پولیو کے خلاف قومی مہم میں شریک سیکیورٹی اہلکار ہماری قوم کے اصل ہیرو ہیں، جو بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے زخمی اہلکار کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے واقعے کی فوری تحقیقات اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ پوری قوم پولیو کے خاتمے اور اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔