یونیورسٹی آف سرگودھا کا سالانہ سپورٹس گالا جاری ، کھیل جسمانی صحت کے علاوہ ذہنی سکون، یکسوئی اور تعلیمی دباؤ پر قابو پانے میں کلیدی کردارادا کرتے ہیں، ڈائریکٹرسپورٹس

بدھ 23 اپریل 2025 23:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں 23 واں سالانہ سپورٹس گالا بھرپورجوش و خروش کے ساتھ جاری ہے، جس میں مختلف شعبہ جات کے طلبہ و طالبات بھرپور شرکت کر رہے ہیں اور مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ سپورٹس گالا میں طلبہ اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، شطرنج، باسکٹ بال اور ٹینس جیسے کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ طالبات کرکٹ، ہینڈ بال، فٹبال، کبڈی، رسہ کشی اور شوٹنگ بال سمیت دیگر کھیلوں میں بھرپور شرکت کر رہی ہیں۔

ڈائریکٹر سپورٹس مہر احمد خان ہرل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کھیلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے مفید ہیں بلکہ ذہنی سکون، یکسوئی اور تعلیمی دباؤ پر قابو پانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

کھیلوں میں باقاعدہ شرکت سے طلبہ کی توجہ میں بہتری آتی ہے، مورال بلند ہوتا ہے اور وہ زیادہ متحرک رہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیل طلبہ میں ٹیم ورک، ہم آہنگی، باہمی اعتماد اور اجتماعی مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کی صلاحیت کو فروغ دیتے ہیں۔ یہ ایونٹ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے اس وژن کا عملی اظہار ہے، جس کے تحت یونیورسٹی میں تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کے مابین توازن قائم رکھتے ہوئے ایک صحت مند، مثبت اور دباؤ سے پاک تعلیمی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

شعبہ نباتات کی طالبہ عروج فاطمہ نے اس گالا میں شرکت کو ایک یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف جیتنے کا مقابلہ نہیں بلکہ اپنے آپ کو چیلنج کرنے، ڈسپلن سیکھنے اور دوستوں کے ساتھ خوشگوار یادیں بنانے کا موقع ہے۔سپورٹس گالا اپریل کے آخر تک جاری رہے گا اور طلبہ کو نصابی مصروفیات سے ایک خوشگوار وقفہ دے کر نئی توانائی اور جوش کے ساتھ تعلیمی سفر میں واپسی کا موقع فراہم کرے گا۔