پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، فیروز پور روڈ پر معروف سویٹس اینڈ بیکرز یونٹ بند کردیا گیا

2 من سے زائد سویٹس اور چاکلیٹ پاؤڈر تلف، ممنوعہ رنگوں اور ایکسپائر اشیاء کی ملاوٹ کی جارہی تھی، ممنوعہ اشیاء کا استعمال معدہ جگر اور آنتوں کو متاثر کرسکتا ہے، ڈی جی فوڈ عاصم جاوید

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 23 اپریل 2025 19:27

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، فیروز پور روڈ پر معروف سویٹس اینڈ بیکرز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل 2025ء) پنجاب فوڈاتھارٹی کا صحت دشمن عناصر کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں ٹیموں نے فیروز پور روڈ پر واقع معروف سویٹس اینڈ بیکرز یونٹ کی چیکنگ کرتے ہوئے ناقص انتظامات پر  پروڈکشن یونٹ بنداور 2 من سے زائد سویٹس، چاکلیٹ پاؤڈر تلف کردیا۔ جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر سیکشن 18 کے تحت بیکری کو بند کیا گیا، صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات، چوہوں کی بھرمار پائی گئی، پروڈکشن ایریا میں واشروم، اشیاء پر ایکسپائری تاریخ درج نہ تھی، کھلی ٹوکریاں، ٹوٹے گندے زنگ آلود فریزر اور ناقص گھی کا استعمال کیا جا رہا تھا، تیار بیکری اشیاء ٹوٹے مکھیوں سے بھرے فرش پر بغیر ڈھانپے رکھی پائی گئی۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس عدم موجود پائے گئے، ممنوعہ رنگوں اور ایکسپائر اشیاء کی ملاوٹ سے سویٹس تیار کی جارہی تھی، ممنوعہ اشیاء کا خوراک میں استعمال معدہ جگر اور آنتوں کو متاثر کرسکتا ہے، خوراک میں جعلسازی کرنے والوں کے گرد زیرو ٹالرینس کے تحت گھیرا تنگ کر رہے ہیں، صحت دشمنوں کی سرکوبی کے لیے مسلسل فیلڈ آپریشن جاری ہیں، شہری اشیاء کی خرید سے قبل جانچ پڑتال یقینی بنائیں؛ شکایت کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔

دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے کیمیکلز کے ذریعے جعلی دودھ تیارکرکے فروخت کرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتار خارج کردی۔ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میںنجسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس ملک شہزاد احمد خان پر مشتمل تین رکنی بینچ نے ضلع قصور کے رہائشی مقصود احمد کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے دائر کردہ مقدمہ میں ہائی کورٹ سے درخواست ضمانت خارج ہونے پر دائر درخواست پر سماعت کی۔ مقدمہ 7 دسمبر 2023ء کو تھانہ کھڈیاں میں درج کیا گیا تھا۔