بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں سینیٹر آغا شاہزیب درانی ودیگر سے ملاقات

بدھ 23 اپریل 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑنے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں سینیٹر آغا شاہزیب درانی، ایم پی اے ہدایت الرحمان بلو چ، حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رنداور شیر خان ناصر سے ملاقات کی، اس موقع پربلال کاکڑ نے انہیں بلوچستان میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں، کاروبار کیلئے نئے مواقع ا ور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے اقدامات سے آگاہ کیا،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے معاشی استحکام بہت ضروری ہے، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی صوبے میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافے سمیت ملکی وبیرونی سرمایہ کاری لانے کیلئے سنجیدہ ہیں، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کو اس جانب راغب کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہا ہے، حال ہی میں کراچی میں سرمایہ کاری سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے بزنس لیڈرز نے شرکت کی اورصوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہارکیا،اسی طرح اسلام آباد میں اہم دوست ممالک کے سفیروں کو مدعوکر کے بلوچستان میں موجود مواقع اور حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات و سہولیات سے آگاہ کیا، اس سلسلے میں جلد اسلام آباد میں انٹر نیشنل بزنس سمٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس سے بلوچستان کوعالمی سطح پرسرمایہ کاروں کی منزل کے طور پراجاگر کرنے میں مددملے گی، انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ٹھوس پالیسیوں اور اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اوربڑی تعدادمیں ملکی وغیر ملکی سرمایہ کار بلوچستان میں کاروبار کرنے کوتیار ہیں۔