غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 25 فلسطینی شہید ،متعدد زخمی

جمعرات 24 اپریل 2025 16:10

غزہ سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 25 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اے ایف پی نے مقامی سول ڈیفنس کے حوالے سے بتایا کہ جمعرات کو شمالی غزہ شہر میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے6افراد شہید اور ان کا گھر تباہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

غزہ میں انڈونیشیا کے ہسپتال کے بیان کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک سابق پولیس سٹیشن پر حملے میں9 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ ایک خیمے پر فضائی حملے میں 5 فلسطینی شہید ہو گئے جنہوں نے وہاں پناہ لی ہوئی تھی۔

سول ڈیفنس نے بیان میں کہا کہ وسطی غزہ کے قصبے زوویدہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں ایک بچے سمیت 3 افراد اور جنوبی شہر خان یونس میں ایک گھر پر حملے میں2 فلسطینی شہید ہو گئے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل نے18 مارچ سے غزہ میں اپنی فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کی ہیں جس کے نتیجے میں 1,978 فلسطینی شہید ہو چکے جبکہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک اموات کی مجموعی تعداد 51,355 ہو گئی ہے۔