Live Updates

اقوامِ متحدہ پہلگام واقعے سمیت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کی آزادانہ تحقیقات کرنے کیلئے کمیشن مقرر کرے،عزیر احمد غزالی

جمعرات 24 اپریل 2025 17:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء) اقوامِ متحدہ پہلگام واقعے سمیت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کی آزادانہ تحقیقات کرنے کیلئے کمیشن مقرر کرے۔ وقف ترمیمی قانون پر مسلمانوں کی جاندار آوازوں کو کمزور کرنے اور کشمیر میں عوامی مزاحمت کو بدنام کرنے کیلئے پہلگام میں سیاحوں کو قتل کیا گیا۔ پاسبان حریت جموں کشمیر ۔

مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں کے قتل کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کا گھناؤنا فعل قرار دیتے ہوئے چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ دنیا کو گمراہ کرنے اور تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کیلئے دلی سرکار نے خود ہی 28 بھارتی شہریوں کو قتل کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہوگیا ہیکہ پہلگام، چٹھی سنگھ پورہ، پتھری بل سمیت کشمیر کے ان تمام اجتماعی قتل عام کے واقعات کی اقوامِ متحدہ تحقیقات کروائے جس میں آج تک ہزاروں کشمیری شہریوں کو بھارتی فوج قتل کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج گزشتہ پینتیس برسوں میں کم وبیش پچاس کے قریب ایسی دہشتگردانہ وارداتیں کرچکی ہے جن میں ہندواڑہ، کپواڑہ، سوپور، بیجبہاڑہ، مگر مال، ڈوڈہ، چوٹہ بازار، لالچوک، سرینگر سمیت کئی ایسے سانحات شامل ہیں جن میں سینکڑوں بے گناہوں کو قتل کیا گیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی برادری نے کشمیر میں بھارتی فوج کے جنگی جرائم کا نوٹس لیا ہوتا تو پہلگام جیسا واقعہ رونما نہ ہوتا۔

دنیا جانتی ہے کہ جب بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کو بھارت میں سیاسی مزاحمت کا سامنا ہوتا ہے تو وہ انسانوں کو قتل کرکے ماحول کو اپنے حق میں کرنے کی مجرمانہ سازش کرتے ہیں۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ کشمیری آزادی پسندوں نے آج تک سیاحوں یا نہتے شہریوں پر کبھی حملہ نہیں کیا تو اب کیوں کریں گے۔ کشمیری عوام کسی مذہب کے خلاف جنگ نہیں لڑ رہے بلکہ وہ بھارت کی قابض فورسز کے خلاف آزادی کے لیئے مزاحمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے دنیا بھر کے امن اور انصاف پسند ممالک سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی سازشوں کو سمجھتے ہوئے اس کے شیطانی منصوبے ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی ہے۔ بھارت خطے میں امن نہیں چاہتا اسلیئے وہ جنگی جنون میں ہلکان ہو کر جہاں کشمیری شہریوں کو قتل کر رہا ہے وہیں وہ سمجھوتہ ایکسپریس میں پاکستانی شہریوں، چھٹی سنگھ پورہ میں سکھوں کو اور اب پہلگام میں بھارتی شہریوں کو قتل کیا گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پہلگام میں نہتے لوگوں کو قتل کر کے بھارت نہ تو دنیا کی حمایت حاصل کرسکتا ہے اور نہ ہی کشمیر کے اندر نہتے شہریوں کے خلاف کیئے گئے جنگی جرائم سے بری الزمہ ہوسکتا ہے انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات