یونین کونسل کوہک، تحصیل دشت کے چیئرمین محراب دشتی نے مالی سال 2024-2025 کیلئے 49 لاکھ روپے کا سالانہ بجٹ پیش کر دیا

جمعرات 24 اپریل 2025 18:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) یونین کونسل کوہک، تحصیل دشت کے چیئرمین محراب دشتی نے مالی سال 2024-2025 کے لیے 49 لاکھ روپے کا سالانہ بجٹ پیش کر دیا۔ بجٹ اجلاس یونین کونسل آفس میں منعقد ہوا، جس میں کونسل کے تمام کونسلران نے شرکت کی ۔اجلاس میں چیئرمین محراب دشتی نے بجٹ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل کوہک میں عوامی ضروریات اور مقامی ترجیحات کو مدِنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بجٹ میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو اولین ترجیح دی گئی ہے ۔اجلاس میں کونسل کے اراکین نے مختلف ترقیاتی تجاویز پر سیر حاصل بحث کی، جن میں دیہی علاقوں میں سکولوں کی حالت زار بہتر بنانے، بنیادی طبی مراکز کو فعال کرنے اور سڑکوں و دیگر انفراسٹرکچر کی مرمت شامل تھیں،تمام تجاویز کو بجٹ میں شامل ممکنہ گنجائش کے تحت زیر غور لایا گیا ۔ چیئرمین محراب دشتی نے یقین دہانی کروائی کہ یونین کونسل کوہک کے عوام کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے اور تمام دستیاب وسائل کو عوامی مفاد میں بروئے کار لایا جائے گا۔