غ*ایم این اے محترمہ کرن عمران ڈارکی اسپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی سے ملاقات

جمعرات 24 اپریل 2025 20:00

:اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ویژن اور معزز صدر یوتھ پارلیمنٹری فورم و رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار کی رہنمائی کے تحت، آزاد جموں و کشمیر کے لیے فورم کوآرڈینیٹر اور رکن قومی اسمبلی محترمہ کرن عمران ڈار نے اسپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر اور آزاد کشمیر اسمبلی میں فورم چیپٹر کے صدر و رکن اسمبلی حسن ابراہیم سے ایک تعمیری ملاقات کی۔

ملاقات میں نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے اور نمائندہ شرکت کو مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ محترمہ کرن عمران ڈار نے آزاد کشمیر اسمبلی میں فورم چیپٹر کے قیام پر شکریہ ادا کیا اورفورم بورڈ کی تشکیل کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عمل کو تیز کرنے کی درخواست کی اور ایک علاقائی سطح کے یوتھ کنونشن کے انعقاد کی تجویز دی تاکہ نوجوان قائدین کے درمیان مکالمہ اور شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے ایوان میں نوجوان ارکان کو اپنی آواز بلند کرنے کے مزید مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر خواتین اراکین کی شمولیت کو تمام کارروائیوں اور کمیٹیوں میں یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی کارروائیوں میں نوجوان اراکین کو ترجیح دی جائے۔اس موقع پر اسپیکر نے حسن ابراہیم کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد آزاد کشمیر میں یوتھ کنونشن منعقد کریں، اور اس سلسلے میں قومی اسمبلی کے یوتھ پارلیمنٹرینز سے رہنمائی حاصل کریں تاکہ پروگرام کو مؤثر انداز میں منظم کیا جا سکے۔

ملاقات میں نوجوانوں کے نقطہ نظر کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ اسپیکر آزاد کشمیر نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی اہمیت کی حامل پالیسیوں کی تشکیل میں ان کے کردار کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ ملاقات آزاد کشمیر کی قانون سازی اور پالیسی فریم ورک میں نوجوانوں کی شمولیت اور صنفی نمائندگی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوئی۔