Live Updates

قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے بھارت کو منہ توڑ جواب اور پوری قوم کے عزم کی ترجمانی کرتے ہیں، میر سلیم کھوسہ

بھارت کو اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے الزام تراشی اور پہلگام جیسے واقعات کا منظم طریقے سے استحصال کرنے سے باز رہنا چاہیے، صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، رکن اسمبلی شیخ زرک مندوخیل

جمعرات 24 اپریل 2025 23:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ، صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، رکن اسمبلی شیخ زرک مندوخیل نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے بھارت کو منہ توڑ جواب اور پوری قوم کے عزم کی ترجمانی کرتے ہیں، بھارت کو اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے الزام تراشی اور پہلگام جیسے واقعات کا منظم طریقے سے استحصال کرنے سے باز رہنا چاہیے،اس طرح کے ہتھکنڈے صرف کشیدگی کو بڑھاتے ہیں اور خطے میں امن و استحکام کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں، یہ بات انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے لیکن یہ ممکن نہیں ہے،پاک فوج کسی بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لئے تیار ہے، ملکی دفاع کے لئے پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ہے،بھارت کا سندھ طاس معاہدے معطل کرنا آبی جنگ کے مترادف ہے عالمی قوتیں اسکا نوٹس لیں۔

(جاری ہے)

بھارت اپنی نیت اچھی کرے بھارت کا فالس فلیگ آپریشن کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنے کی ذہنی پسماندگی ہے بھارت اپنی بھونڈی پالیسیوں کی اصلاح کرے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کے جتنے بھی فیصلے ہیں وہ قوم کے امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں آج پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ہم بھارت کے ہر اوچھے ہتھکنڈے کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم امن کی خواہاں ہے، پاکستانی قوم اپنی خودمختاری، سلامتی، عزت اور ناقابلِ تنسیخ حقوق پرکوئی سمجھوتا نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنی حکومت اور افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات