Live Updates

پاکستان سپر لیگ، پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو7 وکٹوں سے ہرا کر دوسری کامیابی حاصل کر لی

جمعہ 25 اپریل 2025 00:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ قذافی اسٹڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز 129 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 56 اور حسین طلعت نے ناقابل شکست 37 رنز بنائے اور ہدف 17ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

129 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا اور پہلی وکٹ صرف 2 رنز پر گر گئی تھی، جب صائم اتنے ہی رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے،زلمی کو اگلا نقصان بھی صرف 7 رنز پر اٹھانا پڑا، جب ٹام کوہلرکیڈمور صفر پر حارث رئوف کا شکار بنے، اس کے بعد تیسری وکٹ کے لیے کپتان بابر اعظم اور محمد حارث نے 33 رنز بنا کر ٹیم کو بحران سے نکالا، تاہم اس موقع پر حارث 20 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر سکندر رضا کو کیچ دے بیٹھے، اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور حسین طلعت نے سنبھل کر بیٹنگ کی، بابر نے 42 گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 56 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ حسین طلعت نے 37 گیندوں پر ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

اس طرح پشاور زلمی نے مقرر ہدف 17 ویں اوور میں حاصل کرلیا اور لاہور قلندرز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری فتح حاصل کر لی۔لاہور کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 جبکہ حارث رئوف نے ایک وکٹ حاصل کی،لاہور قلندر کا آغاز اچھا نہیں تھا، جس کی نصف ٹیم محض 34 رنز پر پویلین لوٹ گئی ، فخر زمان 10، آصف علی 5، عبداللہ شفیق صفر اور ڈیرل مچل 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔

قلندرز کو چھٹا نقصان بھی 44 رنز پر اٹھانا پڑا، جب سیم بلنگز 9 رنز بنا کر علی رضا کا شکار بنے۔اس موقع پر سکندر رضا اور کپتان شاہین آفریدی نے کچھ مزاحمت دکھائی اور ٹیم کا اسکور 67 پر پہنچایا، تاہم کپتان16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، راشد حسین نے 13 اور حارث رئوف نے 10 رنز بنائے،تاہم سکندر رضا صرف 37 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پشاور زلمی کے الزاری جوزف 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ لیوک ووڈ اور حسین طلعت نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، علی رضا اور عارف یعقوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات