شام کے سکیورٹی وفد کا دورہ سعودی عرب، سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال

یہ دورہ شام میں سلامتی اور استحکام کے حصول کی حمایت کے فریم ورک کے تحت کیا گیا،سعودی وزارت داخلہ

جمعہ 25 اپریل 2025 14:25

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)شام کے ایک سکیورٹی وفد نے حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا ہے تاکہ سعودی سکورٹی کے تجربے کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکے اور اس کی مہارت سے استفادہ کیا جا سکے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ شام میں سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے شامی حکومت کے لیے سعودی عرب کی حمایت کے ایک حصے کے طور پر سعودی وزارت داخلہ نے 14 سے 16 اپریل تک شامی بھائیوں کے ایک سکیورٹی وفد کی میزبانی کی ہے۔

اس دورے کا مقصد مملکت کی سکیورٹی ایجنسیوں کے تجربات کے بارے میں جاننا اور ان کی مہارت سے استفادہ کرنا تھا۔قبل ازیں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے شام کے محکمہ انسداد منشیات کے ڈائریکٹر خالد عید کے ہمراہ شامی انٹیلی جنس کے نائب سربراہ موفق دوخی کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

بات چیت میں منشیات کے خلاف جنگ اور منشیات فروشوں کا سراغ لگانے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مد نظر رکھا گیا۔

حاضرین نے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سیکیورٹی اور جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کے کام کے طریقہ کار اور حفاظتی کاموں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے استعمال کی جانے والی جدید ترین ٹیکنالوجیز کی مختصر وضاحت دی گئی۔اسی تناظر میں سعودی عرب نے شامی حکومت کے ساتھ سرکاری ملاقاتوں کی میزبانی کی۔ سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے شام کی نئی سیاسی انتظامیہ میں امور خارجہ اور غیر ملکیوں کے وزیر اسعد الشیبانی اور وزیر دفاع اور نئی انتظامیہ میں جنرل انٹیلی جنس سروس کے سربراہ سے بھی ملاقات کی ہے۔