اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا بھارت اور پاکستان پر ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے پرزور

جمعہ 25 اپریل 2025 14:30

اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں پر ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زوردیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں اپنی بریفنگ میں صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انتونیوگوتریس نے پاک بھارت کشیدگی پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ کشیدگی کومزید بڑھنے سے روکا جائے اور دونوں ہمسایہ ممالک کو اختلافات کو پرامن ذرائع اور بامعنی بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی تلقین کی ہے۔

انہوں نے بھارت اور پاکستان دونوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کی پہلے سے کشیدہ صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔