جامعہ مہران میں الیکٹرانکس اور کمپیوٹنگ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز پر تین روزہ کانفرنس اختتام پذیر

جمعہ 25 اپریل 2025 17:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کی جانب سے منعقدہ تین روزہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس بعنوان "الیکٹرانکس اور کمپیوٹنگ کمیونیکیشن میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز" کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت مہران یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار نے کی، جس میں کانفرنس کی رپورٹ پیش کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انیل کمار نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم طلبہ، اساتذہ اور محققین کے سیکھنے کے لیے ایک بہترین موقع تھا۔ ایسی کانفرنسیں علم کے تبادلے اور علم پیدا کرنے کا ذریعہ ہوتی ہیں۔ اس موقع پر کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر وجیہہ شاہ نے بتایا کہ کانفرنس میں توانائی، روبوٹکس، سائبر سیکیورٹی، مصنوعی ذہانت اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی جیسے موضوعات پر 107 تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی منتظم ڈاکٹر کہکشاں نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران بیک وقت 9 سیشنز چل رہے تھے۔ ان کے مطابق، 27 ممالک کے محققین نے اپنے مقالے پیش کیے، جن میں امریکہ، چین، برطانیہ، ملائشیا اور سپین سمیت دیگر ممالک شامل تھے۔ جمع کرائے گئے مقالوں میں سے معیاری مقالات کو منتخب کر کے کانفرنس میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کانفرنس میں سائبر سیکیورٹی پر خصوصی سیشن رکھا گیا تھا۔ کانفرنس کے سیکرٹری ڈاکٹر مہیش کمار نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اختتامی تقریب میں ڈین فیکلٹی ڈاکٹر عبدالستار لاڑک، الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر آصف علی شاہ سمیت مہران یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔