27اپریل رائے ونڈ کی تعمیر وترقی کی شروعات کا دن ہوگا ،مرکزی انجمن تاجران

سپورٹس کمپلیکس ،واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا ،میاں محمود نارگ

جمعہ 25 اپریل 2025 18:20

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے رائے ونڈ کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے میگا پروجیکٹ پر کام کا آغازاگلے ہفتے ہوگا ،انجمن تاجران نے 27اپریل کو مسلم لیگی قیادت کے اعزاز میں جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پررائے ونڈ شہر کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے میگا پروجیکٹ ملنے پر مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے مسلم لیگی قیادت کے اعزاز میں جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تاجررہنمائوںمیاں محمود نارگ ،شیخ بابر مونگا ،رانا عمر دراز ،حبیب اللہ خاں ودیگر نے ایم این اے ملک افضل کھوکھر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رائے ونڈ کے عوام عرصہ 40سال سے زندگی کی بنیادی سہولیات سے یکسر محروم تھے ،لاکھوں روپے یومیہ نہری پانی خرید کر پی رہے تھے ،سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے شہریوں کا گھروں سے نکلنا محال ہو چکا تھا ،کھیل کے مواقع نہ ہونے کے برابر تھے ،ایم این اے ملک افضل کھوکھر نے عوامی مطالبے پر خصوصی گرانٹس لیکر رائے ونڈ شہر کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے تاجر رہنمائوں کا کہنا ہے کہ میگا پروجیکٹ ملنے پر وہ ملک افضل کھوکھر اور انکی تمام ٹیم کے اعزاز میں 27اپریل کو جلسہ عام کررہی ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ شرکت کرینگے ،انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس کمپلیکس ،واٹر سپلائی ،سیوریج سسٹم اور سڑکوں کے جال بچھانے سے علاقے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا ،ادھرایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے جلسہ گاہ کی تیاری کا عمل تیزی سے جاری ہے ٹائون مینجر سید علی رضا نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کی بھاری مشینری ،ورکرز جلسہ گاہ کی تیاری میں مصروف ہے ایل ڈبلیو ایم سی کے ملازمین کی اتوار کے روز چھٹی منسوخ کردی گئی ہے تاکہ شرکاء جلسہ کو صاف ستھرا ماحول میسر آسکے تاجر برادری کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبہ جات کے آغاز سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا ۔