Live Updates

جمعیت علمائے پاکستان کے تحت ملک بھر میں یومِ یکجہتی فلسطین ،مظاہرے، مذمتی قراردادیں اور عوامی جذبات کا اظہار

جمعہ 25 اپریل 2025 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)جمعیت علمائے پاکستان (نورانی ) کے زیرِ اہتمام ملک بھر میں یومِ یکجہتی فلسطین انتہائی جذبے اور ایمانی حمیت کے ساتھ منایا گیا۔نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں آئمہ و علماء کرام نے خطبات میں فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا،جبکہ اسرائیل کے ظلم وجارحیت کے خلاف مذمتی قراردادیں پیش کی گئیں اور منظور ہوئیں۔

نماز کے بعد احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلیوں میں ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے عوام نے فری فلسطین کے نعرے بلند کیے۔جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری ملک محمد شکیل قاسمی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ غزہ میں بہنے والا ہر قطرہ خون پوری انسانیت کا امتحان ہے۔

(جاری ہے)

عالمی ضمیر کب جاگے گا اسرائیل نے انسانیت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ ہم حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کے خلاف دوٹوک اور جارحانہ سفارتی مؤقف اختیار کرے، اور مسلم دنیا کو متحد کرے۔ علامہ قاری خلیل احمد نورانی نے کہاکہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا نہیں، پوری امتِ مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ بیت المقدس پر حملہ، اسلام کے قلب پر حملہ ہے۔

اگر آج ہم خاموش رہے تو کل حرمین شریفین بھی نشانے پر ہوں گے۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام اسلامی ممالک اسرائیل سے تعلقات ختم کریں اور فلسطین کے حق میں واضح اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ مولانامفتی محمدحفیظ اللہ ہادیہ نے کہاکہ اسرائیلی ریاست ایک فاشسٹ اور نسل پرست ریاست ہے۔ اسے تسلیم کرنا مظلوموں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔پاکستانی قوم اسرائیل کے خلاف ہر محاذ پر کھڑی ہے اور کسی بھی حکومتی یا غیر حکومتی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کی طرف لے جائے۔

اپنے خطاب میں عبدالوحید یونس کا کہناتھاکہ اقوامِ متحدہ، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مجرمانہ خاموشی اختیار کیے بیٹھی ہیں۔ فلسطینی بچے، عورتیں، بوڑھے، سب ظلم کا شکار ہیں۔ یہ وقت بیانات کا نہیں، عملی اقدامات کا ہے۔پاکستان میں یومِ یکجہتی فلسطین محض ایک دن نہیں، بلکہ تحریک ہے جو ظلم کے خلاف ہے اور مظلوم کے ساتھ ہے۔ مظاہروں کے اختتام پر شہداء فلسطین کے ایصالِ ثواب، زخمیوں کی صحت اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعائیں کی گئیں۔جے یو پی کی قیادت نے اعلان کیا کہ فلسطین کے مسئلے پر خاموشی اختیار کرنا ظلم کے ساتھ کھڑا ہونے کے مترادف ہے، اور ان کی جدوجہد ہر فورم پر جاری رہے گی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات