ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے چوتھے دن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 25 اپریل 2025 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے چوتھے دن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی، اسسٹنٹ کمشنر صدر اور اسسٹنٹ کمشنر کچلاک سمیت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کوئٹہ، پی پی ایچ آئی، ای پی آئی اسٹاف، تمام یونین کونسلز کے سینئر میڈیکل آفیسرز (SMOs)، اور لاءاینڈ آرڈر ڈپارٹمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں پولیو مہم کے چوتھے دن کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ زیرو ڈوز کیسز، والدین کی جانب سے انکار (Refusals)، اور مجموعی کوریج سمیت تمام پہلوئوں پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے مہم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی صحت کے اس قومی فریضے کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود ٹیموں سے قریبی رابطہ رکھیں اور مہم کے ہر مرحلے میں مکمل تعاون یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے والدین، علما کرام، قبائلی عمائدین اور سماجی رہنماوں سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو پولیو جیسے مہلک مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے مہم میں مکمل تعاون کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کا خاتمہ صرف حکومتی کوششوں سے ممکن نہیں بلکہ عوامی شعور اور اجتماعی کاوشوں سے ہی اس موذی مرض کو جڑ سے ختم کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :