Live Updates

وزیر اعلی پنجاب کا سیالکوٹ کا مختصر دورہ،رکن اسمبلی چوہدری ارشد وڑائچ مرحوم کے گھر آمد،اظہار تعزیت کیا

جمعہ 25 اپریل 2025 20:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سیالکوٹ کا مختصر دورہ کیا اور سمبڑیال میں رکن صوبائی اسمبلی پاکستان مسلم لیگ ن چوہدری ارشد وڑائچ مرحوم کی رہائش گاہ پہنچ کر مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔وزیر اعلی نے مرحوم چوہدری ارشد وڑائچ کی بیوہ، بیٹیوں حنا ارشد وڑائچ اور زینا مصطفیٰ وڑائچ سے ملاقات کی اور گہرے رنج کا اظہار کیا،وزیراعلی مریم نواز شریف کی مرحوم ارشد جاوید وڑائچ کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کےلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری ارشد وڑائچ مرحوم شرافت کی سیاست کا پیکر تھے،چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کی سیاسی وسماجی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم پاکستان مسلم لیگ ن کا سرمایہ تھے جن کی کمی پوری کرنا ناممکن ہے۔اس موقع پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق، وزیر مملکت ارمغان سبحانی، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی منشاء اللہ بٹ، فیصل اکرام چودھری، نوشین افتخار گیلانی اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زامن بھی موجود تھے
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات