Live Updates

اکشے کمار کی فلم ’’کیسری 2‘‘پر نقل کا الزام لگ گیا

بھارتی معروف یوٹیوبرکا فلم کے مکالمہ نویس سمت سکسینہ پر ان کی مشہور نظم جلیانوالہ باغ کو بغیر اجازت استعمال کرنے کا الزام

ہفتہ 26 اپریل 2025 11:15

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)اکشے کمار کی فلم ’’کیسری چیپٹر 2‘‘ریلیز کے بعد ایک نئے تنازع کی زد میں آ گئی ۔بھارتی میڈیاکے مطابق بھارت کے معروف یوٹیوبر، شاعر اور اداکار یحییٰ بوٹوالا نے فلم کے مکالمہ نویس سمت سکسینہ پر ان کی مشہور نظم 'جلیانوالہ باغ'کو بغیر اجازت فلم میں استعمال کرنے کا الزام عائد کردیا ہے۔

یحییٰ بوٹوالا نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ خود اپنی نظم پڑھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جبکہ اس کیساتھ ساتھ فلم ’’کیسری 2‘‘کا وہ منظر بھی دکھایا گیا ہے جس میں اننیا پانڈے وہی اشعار دہراتی ہوئی سنائی دیتی ہیں۔انہوں نے فلم میکرز پر اپنی شاعری نقل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض اتفاق نہیں بلکہ واضح طور پر کاپی پیسٹ ہے۔

(جاری ہے)

یحییٰ بوٹوالا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تفصیلی نوٹ بھی جاری کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ چار دن پہلے کسی نے مجھے کیسری 2کی ایک کلپ بھیجا، جس کے مکالمے اسے میری نظم جلیانوالہ باغ سے ملتے جلتے لگے، یہ نظم 5سال قبل شاعری پرمبنی یوٹیوب چینل پر پوسٹ کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں کلپس آپ سب کے سامنے ہیں اور صاف ظاہر ہے کہ یہ محض اتفاق نہیں، انہوں نے چھپانے کی کوشش بھی نہیں کی، یہاں تک کہ فسفسانا جیسے الفاظ بھی جوں کے توں اٹھائے گئے ہیں، خیال مل سکتے ہیں لیکن کسی ایک موضوع پر بالکل ایک جیسی لائنیں لکھ دینا اتفاق نہیں ہو سکتا۔

یحییٰ بوٹوالا نے فلم کے مکالمہ نویس سمیت فلم کے پروڈیوسرز اور اداکاروں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے لکھا کہ ایک رائٹر کیلئے سب سے گھٹیا حرکت یہی ہو سکتی ہے کہ وہ کسی دوسرے رائٹر کا کام چرا کر بغیر کریڈٹ دیے استعمال کرے، اور یہی کام مجھے لگتا ہے کہ سمت سکسینہ نے کیا ہے۔انہوں نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ اگر آپ میری تحریروں سے کبھی جڑے رہے ہیں، تو براہ کرم فلم میکرز، دھرما پروڈکشنز اور اکشے کمار سمیت دیگر اداکاروں کو اس پوسٹ پر ٹیگ کریں تاکہ یہ پیغام ان تک پہنچے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات