گرینڈ ہیلتھ الائنس کا مطالبات کے حق میں دھرنا جاری ،اوپی ڈیز بھی بند

مطالبات پورے ہونے تک یہیں بیٹھے ہیں ، دبائو میں لانے کیلئے منفی ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں‘ عہدیداروں کی گفتگو

ہفتہ 26 اپریل 2025 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الا ئنس کا مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا 20ویں روز بھی جاری رہا جبکہ ہسپتالوں کی او پی ڈیز بھی مسلسل ساتویں روز بند رہیں ۔تفصیلات کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زیر اہتما م مظاہرین 20ویں روز بھی مال روڈ پر دھرنا دے کر بیٹھے رہے ۔

(جاری ہے)

دھرنے کی وجہ سے مال روڈ کا ایک حصہ عام ٹریفک کے لئے بند ہے جس کی وجہ سے شہری کئی کلو میٹر دور متبادل راستہ استعمال کرنے پرمجبور ہیں۔ الائنس کے عہدیداروں نے کہا کہ مطالبات پورے ہونے تک دھرنا جاری رہے گا اور اس کے لئے ہم ہر قیمت ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، ہمیں دبائو میں لانے کے لئے منفی ہتھکنڈے بھی استعمال کئے جارہے ہیں لیکن دھرنے کے تمام شرکاء پر عزم ہیں کہ ہم ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب صوبہ بھرمیں ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں بھی ہڑتال کی وجہ سے علاج معالجہ معطل ہے ۔اوپی ڈیز کی ساتویں روز بھی بندش کی وجہ سے دور درواز سے آنے والے مریضوں کو مایوس واپس لوٹنا پڑا ۔