یوٹیوبر ڈکی بھائی کیلئے مشکل کھڑی ہوگئی، 2 مقدمات درج

ایسے اقدامات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی؛ ترجمان موٹروے پولیس

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 اپریل 2025 12:10

یوٹیوبر ڈکی بھائی کیلئے مشکل کھڑی ہوگئی، 2 مقدمات درج
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل 2025ء ) معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کے خلاف 2 مقدمات درج کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس نے یوٹیوبر ڈکی بھائی کے خلاف تیز رفتاری اور خطرناک انداز میں گاڑی چلانے پر کارروائی کرتے ہوئے سرگودھا اور راولپنڈی میں 2 مختلف مقدمات درج کرائے ہیں۔ اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ یوٹیوبر ڈکی بھائی نے موٹروے پر 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلائی اور ایک ویڈیو میں وہ سٹیرنگ پر ٹانگ اور پاؤں رکھ کر گاڑی چلاتے بھی دکھائی دیئے، اس قسم کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ناصرف خود ڈرائیور بلکہ دوسرے مسافروں کی جان و مال کے لیے بھی شدید خطرہ ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ موٹروے پولیس نے تھانہ لکسیاں میں ڈکی بھائی کے خلاف دفعہ 279 (لاپرواہی سے گاڑی چلانا) کے تحت مقدمہ درج کرایا، قانون کا بلا امتیاز نفاذ موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے اور سوشل میڈیا پر خطرناک ڈرائیونگ کی تشہیر حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس طرح کی لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے اقدامات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا جس میں ڈکی بھائی گاڑی ڈرائیو کر رہے ہیں جہاں انہوں نے ٹانگیں سٹیرنگ وہیل پر رکھی ہیں اور اس حال میں گاڑی موٹروے پر چل رہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کی آنکھیں بند ہیں، چہرہ سکون میں ہے اور انہوں نے اپنے دونوں پاؤں سٹیئرنگ پر رکھے ہوئے ہیں۔

 
واضح رہے کہ اس سے پہلے یو ٹیوبرڈکی بھائی اوران کی اہلیہ عروب جتوئی کو لاہورپولیس نے گرفتار بھی کیا تھا، ڈکی بھائی کی اہلیہ پر سوشل میڈیا پراسلحہ کی نمائش کا الزام تھا، انہوں نے سوشل میڈیا پر ہتھیار کے ساتھ مواد پوسٹ کیا تھا، جس پر ماڈل ٹاون آرگنائز کرائم یونٹ نے اسلحے کی نمائش ہر ڈکی بھائی او عروب کو گرفتار کیا ان پر حکومت مخالف نعرے لگانے اور ملک میں جاری بڑے پیمانے پر مظاہروں کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا گیا، انہیں حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی اور بعد ازاں معافی نامے کے بعد دونوں یوٹیوبرزکو چھوڑدیا گیا تھا۔