فرسودہ پابندیاں شام کی خوشحالی میں رکاوٹ ہیں، وزیر خارجہ

ہم خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے دنیا کے تمام ممالک سے تعاون کے لیے تیار ہیں،خطاب

ہفتہ 26 اپریل 2025 12:25

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)گذشتہ دسمبر میں سابق صدر بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد شام کے ایک سینئر سرکاری اہلکار کی امریکہ میں پہلی عوامی نمائش میں وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بریفنگ دی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہاکہشام متنوع کے مطابق آگے چل رہا ہے، لیکن یہ تقسیم نہیں ہے۔

ہم سب متحد ہیں۔ شامی قانون کے سامنے برابر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شام آج تمام شامیوں کے لیے ہے۔

(جاری ہے)

اسعد الشیبانی نے کہا کہ زاید المعیاد ہونے والی بین الاقوامی پابندیاں ہمارے ملک کی خوشحالی کی راہ میں حائل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے دنیا کے تمام ممالک سے تعاون کے لیے تیار ہیں۔شامی وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ سابق حکومت کے اقدامات نے خطے کو غیر مستحکم کر دیا تھا۔

انہوں نے ملک کے فوجی دھڑوں کے اتحاد کا بھی اعلان کیا۔اسعد الشیبانی نے مزید کہا کہ نگران حکومت نے ریاستی اداروں کو محفوظ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں منظم حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کا مقصد فرقہ وارانہ فساد کو ہوا دینا ہے۔انہوں نے دہشت گرد تنظیم داعش کا پیچھا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔