محکمہ جنگلات نے آگ کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر مخصوص علاقوں کو ہائی الرٹ زون قرار دیدیا

جدید فائر ایمرجنسی سسٹم کے تحت 6 نئی فائر ایمرجنسی گاڑیاں محکمہ جنگلات کے حوالے کر دی گئیں

ہفتہ 26 اپریل 2025 13:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)پنجاب میں جنگلاتی آگ سے بچاؤ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر نگرانی محکمہ جنگلات نے جنگلاتی آگ کے خلاف جامع حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔مری اور کہوٹہ کے پہاڑی جنگلات میں آگ لگنے کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر محکمہ جنگلات کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے ماحول دوست وژن کے تحت ’’محفوظ اور آگ سے پاک جنگلات‘‘کے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔جدید فائر ایمرجنسی سسٹم کے تحت 6 نئی فائر ایمرجنسی گاڑیاں محکمہ جنگلات کے حوالے کر دی گئیں جن میں سے 2 گاڑیاں مری کے حساس علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری اور موثر جواب دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

محکمہ جنگلات نے آگ کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر مخصوص علاقوں کو ہائی الرٹ زون قرار دے کر مانیٹرنگ سسٹم کو مزید فعال بنا دیا ہے، تاکہ آگ لگنے کی صورت میں بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

یہ تمام اقدامات شہریوں اور قدرتی جنگلات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا ماحول دوست وژن اور جنگلات کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔سرسبز و شاداب پنجاب کے خواب کی تکمیل کے لیے حکومتی اقدامات کا سلسلہ بھرپور طریقے سے جاری ہے۔