Live Updates

مقبوضہ جموںوکشمیر،پہلگام میں بھارتی فورسز کا تلاشی آپریشن پانچویں روز بھی جاری رہا

ہفتہ 26 اپریل 2025 13:55

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ضلع اسلام آباد کے علاقے پہلگام میں پانچویں روزبھی بھارتی فورسز کا آپریشن جاری رہا ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آپریشن میں بھارتی فوج ، پیرا ملٹری اورپولیس کے ہزاروں اہلکار حصہ لے رہے ہیں ۔ آپریشن میں بھارتی فضائیہ کے دو ایم آئی 17ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں جو بائیسرن اور ملحقہ جنگلاتی عاقوں کی مسلسل فضائی نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہا گیا کہ منگل کی شام سے جاری یہ آپریشن وادی کشمیر کا اب تک کا سب سے بڑا زمینی و فضائی آپریشن ہے ۔ پہلگام بائیسرن کے گھنے جنگلات کو مکمل طو رپر سیل کر کے گھر گھر تلاشی لی جا رہی ہے۔ آپریشن میں سپیشل ایکشن ٹیم اور پیرا کمانڈوز بھی حصہ لے رہے ہیں۔دریں اثنا بھارتی فورسز کی طرف سے وادی کشمیر اور جموںخطے کے دیگر مختلف علاقوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ قابض بھارتی اہلکار گھروں میں گھس کرخواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو سخت ہراساں کر رہے ہیں ۔ فورسز اہلکاروں نے گزشتہ چند دنوں کے دوران مختلف علاقوں سے سینکڑوں کشمیری نوجوان گرفتار کر لیے ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات