ٹیرف کے نفاذ کی تاریخ میں کسی صورت توسیع نہیں کی جائے گی، ٹرمپ

امریکی صدر نے تجارتی معاہدہ نہ کرنے والوں کو ڈیڈ لائن اور الٹی میٹم دے دیا

ہفتہ 26 اپریل 2025 14:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی تجارتی میدان میں ایک بار پھر سخت مقف اختیار کرتے ہوئے تمام ممالک کو خبردار کر دیا ہے کہ اگر جولائی تک تجارتی معاہدے نہ کیے گئے تو بھاری ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔امریکی ٹی وی کے مطابق صدر ٹرمپ نے واضح الفاظ میں کہا کہ ٹیرف کے نفاذ کی تاریخ میں کسی صورت توسیع نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے بتایا کہ کئی ممالک کے ساتھ معاہدوں پر پیش رفت جاری ہے، تاہم جو ممالک جولائی تک کسی معاہدے پر نہیں پہنچے، ان پر سخت اقتصادی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کسی بھی قیمت پر غیر منصفانہ تجارتی رویے کو مزید برداشت نہیں کرے گا۔امریکی میڈیا کے مطابق فی الحال چین پر 145 فیصد، جبکہ کینیڈا اور میکسیکو پر 25، 25 فیصد ٹیرف نافذ ہیں۔ اس کے برعکس باقی تمام ممالک پر 10 فیصد ٹیرف لاگو کیا گیا ہے۔