حکومتی سطح پر سائیٹ کے اداروں کو ہر ممکن مددفراہم کی جائے گی ، کمشنر کراچی

ہفتہ 26 اپریل 2025 15:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہاہے کہ حکومتی سطح پر سائیٹ کے اداروں کو ہرممکن مددفراہم کی جائے گی لیکن سائیٹ کے اداروں کو بھی حکومتی اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کرنا ہوگا۔ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے سائیٹ کے دفتر میں مسائل کے حل کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ سائیٹ اہم صنعتی علاقہ ہے جس سے ملک کی معیشت کو فائدہ پہنچتا ہے، ہمارا مشتر کہ فرض ہے کہ سائیٹ انڈسٹری کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔اجلاس میں کمشنر کراچی کوصدر سائیٹ ایسوسی ایشن اور ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے اہم معلومات فراہم کیں۔اس موقع پرانہوں نے ڈپٹی کمشنر کیماڑی کی تفصیلی رپورٹ کے بعد فیصلہ کیا کہ وہ ادارے جنہوں نے اپنے سامنے تعمیراتی سامان یا دیگر غیر ضروری ملبہ یا کچرا رکھا تو ا ن کیخلاف دفعہ144کے تحت کارروائی کی جائے گی،جس کانوٹیفیکشن بھی جاری کردیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کے ایم سی کو منگھو پیر روڈ کی جلدتعمیر سمیت سائیٹ لمیٹڈکوتجاوزات کے خاتمے، کے ڈبلیو ایس سی کو ٹوٹی ہوئی پانی اور سیوریج لائینوں کی مرمت کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ انہوں نے ایس ایس ڈبلیو ایم بی اورسائیٹ ایسوسی ایشن کے درمیان نئے معاہدے کیلئے ہدایت بھی جاری کی ۔انہوں نے ٹی ایم سی سائیٹ کو علاقے میں صفائی ستھرائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ْاجلاس میں ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے ایم ڈی طارق علی نظامانی، ڈپٹی کمشنر کیماڑی را جہ طارق چانڈیو ،سائیٹ ایسوسی ایشن کے صدر احمد علوی اور مختلف اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :