ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس ،ڈینگی کی روک تھام کیلئے سخت اور موثر اقدامات کی ہدایت

ہفتہ 26 اپریل 2025 16:20

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنرکی زیر صدارت ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر، ڈی ڈی ایچ اوز، انٹومولوجسٹ، ڈی ڈی ڈولپمنٹ اور تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی کی روک تھام کیلئے سخت اور موثر اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان ڈور اور آٹ ڈور سرویلنس کو مزید مضبوط بنایا جائے اور مثبت سائٹس کی مانیٹرنگ بہتر کی جائے،ہاٹ اسپاٹس کی سو فیصد کوریج یقینی بنانے، جعلی سرگرمیوں کے مکمل خاتمے، اور بروقت DVRsکے حل کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ڈینگی سور پوائنٹس کی نشاندہی کی ذمہ داری سونپی گئی جبکہ آگاہی مہمات کو موثر بنانے اور ضرورت پڑنے پر انفورسمنٹ ایکشن لینے کی ہدایت بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے تمام ضروری اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے تمام اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں مزید تیز کرنے اور قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے گھروں، دفاتر اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جائے۔ پانی کو جمع نہ ہونے دیں، واٹر ٹینکس، کولرز اور گملوں کو ہفتہ میں کم از کم ایک بار خالی اور صاف کریں، کھلے برتنوں میں پانی نہ رکھیں، مکمل آستینوں والے کپڑے پہنیں اور مچھروں سے بچاؤ کیلئے نیٹ اور ریپیلنٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد خصوصی احتیاط برتی جائے اور کسی بھی مشتبہ علامات کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :