محسن نقوی کی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ڈیفنس آمد، عملے سے ملاقات، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کیلئے پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا

سول ڈیفنس ادارے کی استعداد کار بڑھائی جائے گی، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل رکھی جائیں، محسن نقوی کی بات چیت

ہفتہ 26 اپریل 2025 16:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ڈیفنس کا دورہ کیا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کے لیے پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سول ڈیفنس کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ نے موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں سول ڈیفنس کو ہر لحاظ سے فعال کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس ادارے کی استعداد کار بڑھائی جائے گی، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل رکھی جائیں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے سلسلے میں شہریوں کے لئے آگاہی مہم پورا سال چلنی چاہیئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انٹیلیجنس ناکامی کو چھپانے کے لئے مکار دشمن سے کوئی بھی حرکت بعید نہیں، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں سول ڈیفنس تیاررہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سنٹرل ڈیسک کے ذریعے صوبائی سول ڈیفنس محکموں سے رابطہ اور تعاون کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن کے ساتھ جنگ کے دوران سول ڈیفنس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر انچارج سول ڈیفنس عامر خان نے ادارے سے متعلق وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنگ کے دوران بھر پور سول سپورٹ کی فراہمی اور عوام کے جذبے کو بڑھانا بھی اس ادارے کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، امن کے دور میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے شہریوں کے لئے ٹریننگ پروگرامز اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جاتا ہے، ہر سال ملک بھر میں سول ڈیفنس کے 10 ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں تقریبا 250 کورسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :