Live Updates

مقبوضہ کشمیر،بھارتی فورسز نے 2ہزار سے زائد کشمیری گرفتار کر لئے،اسلام آباد سے 175 سے زائد نوجوان گرفتار

ہفتہ 26 اپریل 2025 17:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز نے مختلف اضلاع سے 2ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورسز نے سری نگر، گاندربل، بانڈی پورہ، کپواڑہ، بارہمولہ، بڈگام، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں اور کولگام اضلاع کے مختلف علاقوںمیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران 2ہزار سے زائد کشمیریوں جن میں زیادہ تر نوجوان ہیں، گرفتار کر کے تھانوں اور کیمپوں میں منتقل کر دیے ہیں جہاں ان سے سخت پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

فورسز نے ان میں سے 175 سے زائد افراد کو ضلع اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پکڑ دھکڑ کی کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

بھارتی پولیس کے ترجمان نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ضلع اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران 175افراد کو حراست میںلیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ضلع بھر میں اضافی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیںاور فورسز نے گشت کا سلسلہ بھی تیز کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ22 اپریل کو پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کے بعد بھارتی فوجیوں اور پیرا ملٹر ی اہلکاروں نے مقبوضہ وادی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں ، گھروں پر چھاپوں اور بے گناہ کشمیریوں کی گرفتار ی کاسلسلہ تیز کر دیاہے۔بھارتی فورسز نے آزادی پسند سرگرمیوں کی پاداش میں کشمیریوںکی گھروں کی مسماری کا بہیمانہ عمل بھی شروع کر دیا ہے اور گزشتہ روز سے اب تک سات کشمیریوں کے گھر بارودی مواد کے ذریعے مسمار کر دیے گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات