نہم جماعت کے پیپر لیک کیس میں ملوث ملزم گرفتار، اینٹی کرپشن کے حوالے

ملزم گوجرانوالہ بورڈ میں ملازم، سخت قانونی کارروائی ہوگی‘ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور چیئرمین ٹاسک فورس برائے تعلیمی اصلاحات مزمل محمود کی خصوصی ہدایت پر نہم جماعت کے پیپر لیک کرنے میں ملوث، روپوش ملزم سرفراز کو گوجرانوالہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم سرفراز نے امیدوار علی حیدر کو گوجرانوالہ بورڈ کے 6پرچے مہیا کئے تھے۔ ملزم نے امیدوار کو لاہور سے گوجرانوالہ پیپر دینے کیلئے بلایا اور موبائل فارمیٹ میں کیمسٹری، ترجمتہ القرآن، انگلش، کمپیوٹر، ریاضی کے پرچے مہیا کئے۔

(جاری ہے)

سرفراز کو مزید تحقیقات کے لئے اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا گیا۔ ملزم سرفراز گوجرانوالہ بورڈ میں ملازم ہے جو معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔ دوسری جانب وزیر تعلیم اور چیئرمین ٹاسک فورس مزمل محمود کی ہدایت پر نہم جماعت پیپر لیک کیس میں امیدوار علی حیدر کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق میرٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی حیدر اور سرفراز دونوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔