اسپیشل سروس گروپ کے کمانڈوز کی چراٹ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ

ہفتہ 26 اپریل 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) سپیشل آپریشنز سکول (ایس او ایس) چراٹ میں اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کے کمانڈوز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ ایس او ایس چراٹ میں سپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کے آفیسرز ایڈوانس کمانڈو کورس 83 اور سولجر کمانڈو کورس 102 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ آفیسرز ایڈوانس کمانڈو کورس کے 15 افسران پاس آئوٹ ہوئے جن میں 2 کا تعلق پاکستان نیوی سے ہے، سولجر کمانڈو کورس کے 121 جوانوں میں 3 کا تعلق پاکستان ائیر فورس اور 25 کا تعلق پاکستان نیوی سے ہے جنہوں نے تربیت کامیابی سے مکمل کی۔

جنرل آفیسر کمانڈنگ ایس ایس جی میجر جنرل جواد احمد تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔مہمان خصوصی نے ٹریننگ میں اعلٰی کارکردگی دکھانے والے آفیسرز اور جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

مہمانِ خصوصی نے تربیت مکمل کرنے والے جانبازوں کو ایس ایس جی کے ونگز بھی لگائے۔آفیسرز ایڈوانس کمانڈو کورس کے لیفٹیننٹ مدثر حیات اور سولجر کمانڈو کورس کے سپاہی محمد سمی کو اعزازی ڈگری سے نوازا گیا، 50 میل لانگ رن میں پاکستان نیوی کے لیفٹیننٹ عباداللہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، پاکستان ائیر فورس اور پاکستان نیوی کے افسران و جوانوں کا اسپیشل آپریشنز سکول چراٹ میں اسپیشلائیزڈ ٹریننگ کا حصول ایس ایس جی پر اعتماد اور پرفیشنلزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تقریب میں تربیت مکمل کرنے والے افسروں اور جوانوں کے والدین اور اہل خانہ نے شرکت کی۔ایس ایس جی ضرار کے چاک و چوبند دستے نے رولنگ فائر اور جوڈو و مکسڈ مارشل آرٹ کے دستوں نے عملی مظاہرے پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :