صوبائی حکومت خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں بااختیار بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے،پارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان

ہفتہ 26 اپریل 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبائی حکومت خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں بااختیار بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیچرز ڈویژنل سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب کے موقع پر کیا۔ تقریب میں اٹک، چکوال، جہلم کے سی ای اوز، ڈی ای او سیکنڈری ڈاکٹر گل احمد، ڈی ای او ایلیمنٹری ڈاکٹر اظہر، ڈی ای او وویمن ڈاکٹر ہاجرہ شاہین اور ڈسٹرکٹ فوکل پرسن سپورٹس سعید کیانی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

اساتذہ نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں بھرپور شرکت کی۔ مہمان خصوصی شازیہ رضوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کے کھیلوں کے مقابلے تو معمول کی بات ہے مگر آج اساتذہ کو کھیلوں میں حصہ لیتے دیکھ کر دل خوش ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی و جسمانی توازن ہی کامیاب زندگی کی کنجی ہے۔ سی ای او تعلیم امان اللہ خان چھینہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق طالبات اور اساتذہ کی خود اعتمادی اور نشوونما کے لیے اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد ناگزیر ہے۔

انہوں نے شازیہ رضوان کا تقریب میں شرکت اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ آخر میں کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔