ْکینیڈین انتخابات: کنزرویٹو پارٹی ٹرمپ کی قدامت پرست پالیسیوں کی مخالف ہے، ملیسا لانٹسمین

اتوار 27 اپریل 2025 13:05

ٹورنٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)کینیڈا کی کنزرویٹو پارٹی کی رہنما اور موجودہ پارلیمنٹ میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر ملیسا لانٹسمین نے کہا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی ٹرمپ کی قدامت پرست پالیسیوں کی مخالف اور تمام رنگ و نسل اور اقلیتوں کے حامل کینیڈین شہریوں کے حقوق کی حامی ہے۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویومیں انہوںنے امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ کینیڈا کی کنزرویٹو پارٹی صدر ٹرمپ کی قدامت پسند پالیسی اور رجحانات سے مطابقت رکھتی ہے اور صدر ٹرمپ کینیڈا میں کنزرویٹو پارٹی کی کامیابی کے حامی ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ میری پارٹی تمام کینیڈین کی بھلائی اور خوشحالی کا منشور رکھتی ہے اور ہاوسنگ، بچوں کی بھلائی، مہنگائی اور معیشت کی بہتری کیلیے کنزرویٹو پارٹی کام کرتی رہے گی۔نسلی امتیاز اور اقلیتوں کے حوالے سے ملیسا لانٹسمین نے کہا کہ اس حلقے میں ہماری امیدوار سیاہ فارم خاتون علیشیا ویانگا ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کنزرویٹو پارٹی تمام رنگ و نسل اور اقلیتوں کے کینیڈینز کے حقوق اور بہترین کی محافظ ہے۔