انسداد تجاوزات سکواڈ کے روزانہ چار آپریشنز ، درجنوں ٹرک سامان ضبط،صدر کے تمام تجارتی مراکز تجاوزات مافیا کے لیے مکمل بند

اتوار 27 اپریل 2025 18:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے انسداد تجاوزات صدر سکواڈ نے نیا تاریخ رقم کر دی ، ایک ماہ کے دوران صبح، دوپہر، شام اور رات گئے روزانہ چار آپریشنز کرتے ہوئے درجنوں ٹرک تجاوزات کا سامان ضبط کر لیا گیا۔ صدر کے مرکزی تجارتی مراکز، بینک روڈ، حیدر روڈ، آدم جی روڈ، کشمیر روڈ اور کیننگ روڈ اب تجاوزات مافیا کے لیے ناقابلِ تسخیر نوگو ایریاز بن چکے ہیں۔

کینٹ ایگزیکٹو آفیسر سید عرفان رضوی کی خصوصی ہدایات پر صدر انسداد تجاوزات سکواڈ کے انچارج راجہ ندیم نے قیادت سنبھال کر بینک روڈ چوک پر ایک فیلڈ آفس قائم کر دیا ہے، جہاں سے ٹیمیں رات دو بجے تک مسلسل آپریشنز کو براہ راست مانیٹر کر رہی ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ انسداد تجاوزات آپریشنز کو ایک منظم اور تسلسل سے جاری رہنے والی مہم کی شکل دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں درجنوں ٹرک تجاوزات کا سامان ضبط کر کے بازاروں کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔ مستقل نگرانی کے نتیجے میں صدر کے تمام علاقوں سے پکی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، جب کہ عارضی تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں روزانہ جاری ہیں۔انسداد تجاوزات سکواڈ کے سربراہ راجہ ندیم نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ صدر کے تمام بازار تجاوزات سے پاک کر دیے گئے ہیں، اور جیسے ہی کوئی نئی تجاوزات ابھرتی ہے، انسداد تجاوزات کی ٹیمیں فوری ایکشن میں آ کر اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح عوامی سہولت، پیدل چلنے والوں کے لیے راستوں کی بحالی، اور تجارتی سرگرمیوں کی آسانی کو یقینی بنانا ہے۔صدر کے تاجروں کو وارننگ جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے آگے کسی قسم کی رکاوٹ یا عارضی تجاوزات قائم نہ کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہری حلقوں، تاجروں اور غیر ملکی خریداروں نے صدر سکواڈ کی اس انتھک مہم کو شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری اور خریداری کے بہتر ماحول کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :