راولپنڈی،قتل،اقدام قتل اور ضرر کے مقدمہ میں مجرمان کو عمر قید،9سال قید،4لاکھ ہرجانہ،کی سزا

اتوار 27 اپریل 2025 18:25

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)راولپنڈی پولیس کی موثر پولیسنگ کے باعث قتل،اقدام قتل اور ضرر کے مقدمہ میں مجرمان کو مجموعی طور پر عمر قید،9سال قید،4لاکھ ہرجانہ،1 لاکھ جرمانہ اور 25 ہزار ضمان کی سزا سنادی گئی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق معزز عدالت نے قتل،اقدام قتل اور ضرر کے مقدمہ میں مجرمان کو سزا سنا دی،فریق اول مجرم بشارت حسین کو قتل کے جرم میں عمر قید اور 4 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی گئی،مجرم نے سابقہ دشمنی پر فائرنگ کر کے خاتون کو قتل کر دیا تھا،فریق دوئم مجرم عبید الرحمن کو اقدام قتل کے جرم میں 7 سال قید،1 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ضرر کے جرم میں 2 سال قید اور 25 ہزار روپے ضمان کی سزا سنائی گئی،مجرم نے سابقہ دشمنی پر فائرنگ کر کے فریق اول بشارت کو زخمی کر دیا تھا،واقعہ کا مقدمہ نومبر 2023 تھانہ چونترہ میں درج کیا گیا تھا،ٹھوس شواہد اور مقدمہ کی موثر پیروی کے پیش نظر معزز عدالت نے مجرمان کو قرار واقعی سزا سنائی۔

مجرمان کو قرار واقعی سزا ملنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن اور تفتیشی و لیگل ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث مجرمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔