وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی ویٹی کن سٹی میں سابق امریکی صدرسمیت اہم ملاقاتیں

اتوار 27 اپریل 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) وفاقی وزیر برائے سمندرپار پاکستانیزچوہدری سالک حسین نے ویٹی کن سٹی میں سابق امریکی صدر جوبائیڈن سمیت اہم ملاقاتیں کیں۔اتوار کووزارت سمندرپار پاکستانیز ، ترقی وانسانی وسائل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے سابق امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی،ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، امریکہ میں پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق بات چیت کی گئی۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس سے بھی ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ کے تعلقات بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اور بنگلہ دیش نے لیبر کی کوالٹی بہتر بنانے، ہنر کی فراہمی کے حوالے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

محمد یونس نے کہا کہ پاکستانی تاجروں اور کاروباری افراد کے لیے بنگلہ دیش میں وسیع مواقع موجود ہیں۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تجارت میں موجود رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔چوہدری سالک حسین نے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو سے بھی ملاقات کی۔فیفا کے صدر نے پاکستان میں عالمی معیار کے فٹبال کی کوالٹی کو سراہا۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے یو اے ای، روس، ملائیشیا اور سنگاپور کے وزراء سے بھی ملاقاتیں کیں۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اٹلی میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا۔چوہدری سالک حسین کو اٹلی میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کو روزگار کی فراہمی میں پاکستانی سفارتخانے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔